اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور بنگلادیش کے وزیراعظم طارق رحمان کی اہم ملاقات ہوئی ہے، جس میں دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
دونوں ممالک کی جانب سے اس ملاقات کا ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاک بنگلادیش تعلقات میں ہونے والی مثبت پیش رفت پر کامل اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کی صدارت سنبھالنے پر بنگلادیش کو مبارکباد دی اور اقوام متحدہ کے مقاصد کے فروغ کے لیے بنگلادیشی کاوشوں کی پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلادیش کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ بنگلادیشی وزیراعظم طارق رحمان نے بھی دونوں ممالک کے درمیان مثبت پیش رفت کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں وزرائے اعظم نے تجارت، سیاحت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے اور کثیرالجہتی فورمز، بالخصوص اقوام متحدہ کے تحت مسلسل رابطہ اور تعاون برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔