وزیراعظم شہباز شریف کی صدر یورپی کونسل اور صدر یورپی کمیشن سے ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر یورپی کونسل انتونیو لوئس سانتوس دا کوستا اور صدر یورپی کمیشن ارسلا گرتروڈ وان ڈیر لیین سے ملاقات کی ہے، اور کہا کہ پاکستان یورپی یونین کی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔

یہ ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر ہوئی۔ جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

و زیراعظم نے یورپی یونین کے ساتھ وسیع البنیاد شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے اور پاکستان یورپی یونین اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یورپی یونین کے ساتھ تجارت کے فروغ کے لیے جی ایس پی پلس( +GSP) فریم ورک کے تحت مسلسل روابط جاری رکھنے کا عزم کیا۔

رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے یورپی کونسل اور یورپی کمیشن کے صدور کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔