انڈر 19 کا ایک بچہ خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ ہے، طلال چوہدری

وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو انڈر 19 بچہ کہہ دیا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں طلال چوہدری نے کہا کہ انڈر 19 کا ایک بچہ خیبر پختونخوا کا وزیراعلیٰ ہے، جو گاڑی میں بیٹھ کر لائیو ویڈیو چلاتے ہیں کہ وہ اغوا ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کبھی فٹ پاتھ پر بیٹھ کر ہمدردی لینے کی کوشش کرتے ہیں، سہیل آفریدی کو کچھ سمجھ ہی نہیں آرہی ہے۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کا ماضی آپ کے سامنے ہے، یہ سیاسی جلسہ جلوس کرنے نہیں بلکہ ہمیشہ کسی یلغار یا حملے کے لیے آتے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ طاقت کا کم سے کم استعمال ہمیشہ حکومت کی پالیسی رہا ہے، بتایا جائے کہ یہ سومنات والا بیان کس نے دیا؟

طلال چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف والے ہمیشہ انتشار جیسی صورتحال پیدا کرتے ہیں، وفاقی حکومت کا فرض بنتا ہے وہ اسلام اباد کے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کرے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد اس حکم پر عمل درآمد کے پابند ہیں، ہم نے سارے انتظامات کیے ہیں، کنٹینر پڑے ضرور ہیں لیکن وہ ابھی سائیڈز پر ہیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ کسی بھی کنٹینر نے ابھی تک کسی کا راستہ نہیں روکا، وفاقی دارالحکومت میں زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر یہ کنٹینر اسلام آباد کے لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کےلیے ضرور استعمال ہوں گے، ہم نہیں چاہتے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگے۔

طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی والے جو کہتے ہیں، وہ کرتے نہیں ہیں، یہ کہتے تھے کہ اسمبلیاں توڑیں گے یا استعفیٰ دیں گے تو کوئی انقلاب آجائے گا، اب یہ جماعت خود اندر سے توڑ پھوڑ کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وہ وسائل جو صوبے کے عوام کی تعلیم اور صحت پر لگنے چاہیے تھے، وہ اب مارچ میں استعمال کیے جارہے ہیں۔