غزہ پیس بورڈ کا اجلاس آج، بحالی کیلئے منصوبہ پیش کیا جائے گا

تصویر سوشل میڈیا۔

غزہ بورڈ آف پیس کا اجلاس آج ہو گا، جس میں غزہ کی بحالی کے لیے منصوبہ پیش کیا جائے گا۔ 

امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق 2 ارب 45 کروڑ ڈالر کا 6 ماہ کا منصوبہ پیش کیا جائے گا، جیرڈ کشنر اور اسٹیو وٹکوف منصوبے پر بریفنگ دیں گے، منصوبے میں عارضی رہائشگاہوں کی تعمیر شامل ہے۔ 

ویب سائٹ کے مطابق ملبہ ہٹانے اور اسپتالوں کی مرمت بھی منصوبے میں شامل ہے۔ معاشی بحالی اور کثیر ملکی سیکیورٹی فورس کی تعیناتی بھی منصوبے کا حصہ ہے، منصوبے میں بجلی و پانی کی بحالی، سرحدی گزر گاہوں کی مرمت اور 25 ہزار سولر پاور کٹس کی فراہمی شامل ہے۔ 

امریکی نیوز ویب سائٹ کے مطابق غزہ میں جنگ سے ہونے والے مادی نقصانات کا تخمینہ 35 ارب 20 کروڑ ڈالر ہے۔ 

نیوز ویب سائٹ کے مطابق غزہ کی مکمل بحالی اور تعمیر نو کے لیے 10 برس میں 71 ارب 40 کروڑ ڈالر درکار ہوں گے، اجلاس میں 35 ممالک کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔