برطانیہ میں 5 برس کے دوران کار حادثات میں نوجوانوں کی ہلاکت کی بڑی وجہ سیٹ بیلٹ نہ باندھنا پائی گئی ہے۔
ڈپارٹمنٹ فار ٹرانسپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق برطانیہ میں گزشتہ 5 برسوں کے دوران کار حادثات میں ہلاک ہونے والے نوجوانوں کی ایک تہائی سے زائد تعداد نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھ رکھی تھی۔
رپورٹ کے مطابق 2021ء سے 2025ء تک حادثات میں ہلاک ہونے والے 17 سے 29 سال عمر کے افراد میں سے 35 اعشاریہ 6 فیصد نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھی تھی جبکہ تمام عمر کے افراد میں یہ شرح 24 اعشاریہ 6 فیصد رہی۔
اسی عرصے کے دوران 17 سے 24 سال عمر کے ایسے ڈرائیورز، جو کسی حادثے میں ہلاک یا شدید زخمی ہوئے، ان میں سے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی شرح 14 فیصد تھی۔
اے اے کے صدر ایڈمنڈ کنگ نے ان اعداد و شمار کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دورانِ سفر سیٹ بیلٹ حفاظت کا سب سے آسان اور مؤثر ذریعہ ہے اور اسے نہ باندھنے کی صورت میں ہلاک ہونے کا امکان دوگنا بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سوچ کو بھی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے کہ شہری علاقوں میں مختصر فاصلے یا دوستوں کے ساتھ سفر کے دوران سیٹ بیلٹ باندھنا ضروری نہیں، ان کے مطابق لا آف فزکس اس لیے تبدیل نہیں ہوجاتے کہ آپ مختصر سفر کر رہے ہیں۔
دورانِ ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ نہ پہننے پر ڈرائیور کو موقع پر ہی 100 پاؤنڈ جرمانہ کیا جا سکتا ہے جبکہ معاملہ عدالت میں جانے کی صورت میں جرمانہ 500 پاؤنڈ تک عائد ہو سکتا ہے۔