پی ٹی آئی فرانس کے نو منتخب تنظیمی عہدیداروں کی تقریبِ حلف برداری، ذمہ داری نوٹیفکیشنز تقسیم

پیرس: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فرانس کی نو منتخب تنظیمی عہدیداروں کی تقریبِ حلف برداری منعقد ہوئی جس میں پارٹی کارکنان، ممبران اور ذمہ داران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کے دوران پارٹی عہدیداروں میں تنظیمی ذمہ داریاں سونپی گئیں جن میں صدر چوہدری گلزار لنگڑیال، سینئر نائب صدر لالہ برہان، چیئرمین چوہدری افضل ڈھل، سرپرست اعلیٰ خالد پرویز چوہدری، چیئرمین ایڈوائزری کمیٹی چوہدری منور جٹ، صدر یوتھ ونگ عدنان ڈھڈی، سیکریٹری انفارمیشن ٽقلین بھٹی، سیکریٹری ویمن ناصرہ خان اور ایڈیشنل سیکریٹری جنرل خورم تارڑ، جنرل سیکریٹری چوہدری ماجد خان شامل تھے۔

اس کے علاوہ دیگر متعدد پارٹی رہنماؤں، کارکنان اور ذمہ داران کو بھی مختلف تنظیمی ذمہ داریاں سونپی گئیں اور انہیں باقاعدہ نوٹیفکیشنز تقسیم کیے گئے۔

مقررین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف فرانس کے کارکنان اور ذمہ داران بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے ہیں اور ان کی رہائی کی جدوجہد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

مقررین نے کہا کہ پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی، جمہوری حقوق اور سیاسی کارکنان کے بنیادی حقوق کے لیے پُرامن اور جمہوری جدوجہد کو مزید مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں جاری سیاسی صورتحال سے متعلق آواز بلند کرنے اور عمران خان کی رہائی کی تحریک میں پی ٹی آئی فرانس اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

نئی الیکٹڈ باڈی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فرانس میں موجود پی ٹی آئی کے تمام کارکنان اور ممبران کو ساتھ لے کر پارٹی کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط کیا جائے گا، باہمی اتحاد و یکجہتی کو فروغ دیا جائے گا اور عمران خان کی رہائی اور جمہوری حقوق کی جدوجہد کو بھرپور انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔

تقریب کے اختتام پر نئی الیکٹڈ باڈی اور تمام نومنتخب ذمہ داران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا اور پاکستان کی سلامتی، استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔