طبی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رات کو 9 گھنٹے تک نیند لینا قبل از وقت موت کا سبب بن سکتا ہے۔
تائیوان کے محققین نے 30 سال میں 3 ہزار سے زائد افراد پر تحقیق کی اور 9 گھنٹے کی نیند سے قبل از وقت موت کا انکشاف کیا ہے۔
دن بھر کی تھکن کے بعد لائٹ بجھا کر چادر اوڑھ کر لیٹ جانے سے بہتر کوئی احساس نہیں ہوتا، لیکن یہ جسمانی سکون آپ کو بھاری بھی پڑسکتا ہے۔
عام طور پر صحت مند زندگی کےلیے 7 سے 8 گھنٹے کی نیند بہتر مانی جاتی ہے لیکن بستر پر اس سے زیادہ وقت گزارنا موت کے امکان کو بڑھا بھی سکتا ہے۔
طبی تحقیقی رپورٹ کے مطابق رات کو حد سے زیادہ یعنی 9 گھنٹے یا اس سے زائد سونا صحت کےلیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے اور یہ قبل از وقت موت کے خطرے کو بڑھا دیتا ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ 9 گھنٹے سے زیادہ سونے والوں میں کسی بھی وجہ سے موت کا امکان 17 فیصد تک بڑھ جاتا ہے، جو کہ 6 گھنٹے سے کم سونے والوں کی شرحِ اموات سے بھی زیادہ ہے۔
اگرچہ اس کی دقیق وجوہات مکمل طور پر واضح نہیں ہیں، تاہم زیادہ سونے سے ہائی بلڈ پریشر، جسمانی سوزش، ہارمونز کے عدم توازن اور قوتِ مدافعت میں خلل جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
محققین نے تجویز دی ہے کہ ڈاکٹروں کو روایتی طبی معائنوں میں مریضوں کی نیند کا دورانیہ بھی شامل کرنا چاہیے تاکہ وقت سے پہلے خطرے میں مبتلا افراد کی نشاندہی کی جا سکے۔