ابرار احمد ٹی 20 کرکٹ میں نمبر ون بولر بن گئے

پاکستان کے ابرار احمد—فائل فوٹو

پاکستان کے ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نمبر ون بولر بن گئے، انہوں نے افغانستان کے راشد خان سے پہلی پوزیشن چھینی ہے۔

پاکستان کے ابرار احمد پہلی بار آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں نمبر ون بنے ہیں۔

ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی بولنگ میں نمبر ون بننے والے پانچویں پاکستانی بولر ہیں جبکہ عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی بھی نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بولر رہ چکے ہیں۔

راشد خان ایک درجہ تنزلی کے بعد دوسرے نمبر پر چلے گئے اور آسٹریلیا کے ایڈم زیمپا ایک درجہ بہتری کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے جبکہ پاکستان کے محمد نواز کی 8 ویں پوزیشن برقرار ہے۔

انگلینڈ کے جیمی اوورٹن 47 درجے کی لمبی چھلانگ کے بعد چھٹی پوزیشن پر براجمان ہیں اور انگلینڈ کے لیام ڈاسن 12 درجہ بہتری کے بعد 11ویں نمبر پر آ گئے۔

بھارت کے اکشر پٹیل 12 درجے بہتری کے بعد 15ویں نمبر پر پہنچ گئے۔

ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز رینکنگ میں زمبابوے کے سکندر رضا کی پہلی اور پاکستان کے صائم ایوب کی دوسری پوزیشن برقرار ہے۔

انگلینڈ کے ول جیکس 3 درجے بہتری کے بعد تیسری پوزیشن پر آ گئے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی بیٹرز کی ریکنگ میں بھارت کے ایشان کشن کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ بھارت کے ابھیشک شرما دوسری اور پاکستان کے صاحبزادہ فرحان تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

انگلینڈ کے ہیری بروک 5 درجے بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئے اور انگلینڈ کے ہی جوز بٹلر 2 درجے بہتری کے بعد 5 ویں نمبر پر آ گئے۔

آئی سی سی ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے شبمن گل کی پہلی اور پاکستان کے بابر اعظم کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔

آئرلینڈ کے ہیری ٹیکٹر ایک درجے بہتری کے بعد 9 ویں نمبر پر آ گئے اور انگلینڈ کے ہیری بروک 3 درجے بہتری کے بعد 12ویں نمبر پر آ گئے۔

ون ڈے بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے راشد خان کی پہلی اور پاکستان کے ابرار احمد کی دوسری پوزیشن برقرار ہے۔

نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر ایک درجے بہتری کے بعد تیسری پوزیشن پر آ گئے۔

ون ڈے آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں افغانستان کے عظمت اللّٰہ عمرزئی کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ زمبابوے کے سکندر رضا ایک درجے بہتری کے بعد دوسری پوزیشن پر آ گئے۔