جو روٹ نے سچن ٹنڈولکر کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا

— فائل فوٹو 

انگلینڈ کے اسٹار بیٹر جو روٹ نے ایک اور شاندار سنگِ میل عبور کرتے ہوئے سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ دیا۔

سری لنکا کے خلاف ڈرہم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں جو روٹ نے 23 ہزار انٹرنیشنل رنز مکمل کر لیے، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے انگلش اور دنیا کے آٹھویں بیٹر بن گئے ہیں۔

انگلش بیٹر نے 23 ہزار رنز کا سنگِ میل اپنی 521ویں انٹرنیشنل اننگز میں عبور کیا جس کے بعد اب وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے کرکٹرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

اس سے قبل سچن ٹنڈولکر نے یہ کارنامہ اپنی 522 ویں اننگز میں انجام دیا تھا، جبکہ ویرات کوہلی نے 490 اننگز کھیل کر 23 ہزار رنز مکمل کیے تھے۔

23 ہزار انٹرنیشنل رنز بنانے والے دیگر بیٹرز میں راہول ڈریوڈ، سری لنکا کے کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے، آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ اور جنوبی افریقا کے جیک کیلس شامل ہیں۔

واضح رہے کہ جو روٹ اس سے قبل بھی کئی ریکارڈز میں سچن ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑ چکے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ نصف سنچریاں بنانے کا سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ بھی توڑا تھا۔

سچن ٹنڈولکر نے ٹیسٹ کرکٹ میں 15921 رنز بنائے ہیں جبکہ جو روٹ نے اب تک 14278 رنز بنائے ہیں یعنی اُنہیں بھارتی لیجنڈ کا یہ ریکارڈ توڑنے کے لیے مزید 1643 رنز درکار ہیں۔