مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 9 خوارج دہشت گرد ہلاک

—فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع مستونگ کے علاقے کنک وادی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

 سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے کنک وادی میں سیکیورٹی چوکی پر حملے کی کوشش کی تھی۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے ابتدائی طور پر 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کر کے مزید 7 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 موٹر سائیکلیں، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی ہو گیا، جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے مستونگ کے علاقے کنک وادی میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے، انہوں نے9 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

ان کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز پوری قوت سے جاری ہیں اور جاری رہیں گے۔