معروف بھارتی گلوکار لکی علی ایک بار پھر بالی ووڈ میں اپنی منفرد آواز کا جادو جگانے کے لیے تیار ہیں۔
کئی برس تک ہندی فلم انڈسٹری سے دور رہنے والے لکی علی نے اب اجے دیوگن کی آنے والی فلم ’دریشیام: دی کنکلوژن‘ کے گانے ’مسکرا دو‘ کو اپنی آواز میں ریکارڈ کروایا ہے۔
سونی میوزک انڈیا نے حال ہی میں گانے کا 22 سیکنڈ کا ٹیزر بھی جاری کر دیا ہے، گانے کے ٹیزر میں اداکار اجے دیوگن کو اپنے خاندان کے ساتھ خوش گوار لمحات گزارتے دیکھا جا سکتا ہے، ٹیزر میں گلوکار کی ایک جھلک بھی شامل ہے، یہ گانا 23 ستمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔
گلوکار کی 2024ء میں فلم ’دو اور دو پیار‘ کے گانے ’تو ہے کہاں‘ کے ذریعے پلے بیک سنگنگ میں واپسی ہوئی تھی اور اب 1 سال کے بریک کے بعد وہ دوبارہ بالی ووڈ میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔
لکی علی نے بالی ووڈ سے دوری کیوں اختیار کی؟
لکی علی نے ماضی میں متعدد مواقع پر فلمی دنیا سے دوری اختیار کرنے کی وجوہات پر بات کی ہے۔
2025ء میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا کہ میں نے 2015ء میں بالی ووڈ سے دوری اختیار کی تھی۔
گلوکار کا کہنا تھا کہ اگرچہ میرے ساتھ بعض لوگوں نے نامناسب رویہ اختیار کیا، لیکن بالی ووڈ چھوڑنے کی اصل وجہ انڈسٹری کی یکسانیت اور اکتاہٹ تھی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ ایک وقت ایسا آیا جب میں روایتی بالی ووڈ نظام کا حصہ بننے کے بجائے اپنی الگ موسیقی اور شناخت تلاش کرنا چاہتا تھا۔
لکی علی نے یہ بھی بتایا تھا کہ تخلیقی آزادی کی تلاش کے دوران میرا مقبول گانا ’او صنم‘ سامنے آیا، جس نے مجھے اپنی الگ موسیقی کی سمت متعین کرنے میں مدد دی۔