3 ملزمان کی پولیس اہلکار بن کر 17 سالہ لڑکی سے زیادتی، 1 ملزم گرفتار

—فائل فوٹو 

بھارتی دارالحکومت دہلی میں خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے 3 افراد نے 17 سالہ لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے 1 ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ 2 کی تلاش جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ایک مندر کے قریب پارک میں پیش آیا جہاں ملزمان نے لڑکی اور اس کے 17 سالہ دوست کو دھمکایا، 1 ملزم نے اسلحے اور چاقو کے زور پر لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، بعد ازاں دیگر 2 ملزمان نے بھی متاثرہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کی۔

اطلاع ملنے پر پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی جانب سے گرفتاری کی کوشش کے دوران ایک ملزم نے مبینہ طور پر پولیس پر 3 فائر کیے، جواب میں پولیس کی فائرنگ سے ملزم زخمی ہو گیا اور گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم پولیس اہلکار نہیں بلکہ مزدوری کے شعبے سے وابستہ ہے، دیگر 2 ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بچوں کو جنسی جرائم سے تحفظ کے قانون سمیت متعلقہ دفعات کے تحت ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت دہلی میں گزشتہ 10 روز کے دوران کم عمر لڑکیوں سے زیادتی کا یہ چوتھا واقعہ سامنے آیا ہے۔