عمر و وزن پر تنقید، ہمایوں سعید نے سلمان خان کی حمایت کر دی

—فائل فوٹوز

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکار ہمایوں سعید نے عمر اور وزن پر ہونے والی تنقید کے معاملے پر سلمان خان کی حمایت کر دی۔

بالی ووڈ اسٹار اداکار سلمان خان ان دنوں ریئلٹی شو بگ باس کے سیزن 20 کی میزبانی کر رہے ہیں، شو کامیابی سے دوسرے ہفتے میں داخل ہو چکا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ مختلف موضوعات پر بحث بھی جاری ہے۔

ابتدائی پروموز جاری ہونے کے بعد سلمان خان کو جسمانی ساخت اور عمر کے حوالے سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے ان کی صحت سے متعلق بھی تبصرے کیے۔

رواں ہفتے ’ویک اینڈ کا وا‘ میں سلمان خان نے عمر کے حوالے سے ٹرولنگ کرنے والوں کو سخت جواب دیا۔

انہوں نے اپنی شرٹ اتار کر اپنی فٹنس کا مظاہرہ کیا اور صرف یہی نہیں انہوں نے خواتین اداکاراؤں کا بھی دفاع کیا۔

سلمان خان کے اس ردِعمل کو بگ باس کے گھر میں موجود شرکاء کی جانب سے بھی بھرپور حمایت ملی، جبکہ بھارت اور پاکستان میں بھی ان کے بیان کو سوشل میڈیا پر خاصی پذیرائی حاصل ہوئی۔

پاکستانی اداکار ہمایوں سعید، جو خود بھی عمر کے حوالے سے ہونے والی تنقید کا سامنا کرتے رہتے ہیں، سلمان خان کے جواب سے خاصے متاثر ہوئے اور انہوں نے وائرل ویڈیو کی ریل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

ہمایوں سعید کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا تھا کہ بگ باس 20، سلمان خان نے 60 سال کی عمر میں سکس پیک ایبس دکھا کر ٹرولز اور پاپارازیوں کو آڑے ہاتھوں لیا اور کترینہ کیف کے حق میں بھی مضبوط مؤقف اختیار کیا، شاندار۔