رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 54 ہوگئی

—فائل فوٹو

 کراچی میں رواں سال ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 54 ہو گئی ہے۔ 

دوسری جانب کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں ایک ہفتے قبل ڈاکو کی فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والا شہری دورانِ علاج جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر فائیو اے فور میں 12 اور 13 ستمبر کی درمیانی شب نور احمد نے مددگار 15 پر اسلحے کے زور پر موبائل فون چھیننے کی اطلاع دی تھی۔

مددگار پولیس موقع پر پہنچی اور موبائل فون کی لوکیشن کے ذریعے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا۔

پولیس کے مطابق ایک گلی میں چھاپے کے دوران 2 ڈاکو فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ شہری نور احمد نے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا۔ اسی دوران ڈاکو کی فائرنگ سے نور احمد پیٹ پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا، جبکہ ڈاکو یوسف بھی اپنی ہی گولی ٹانگ پر لگنے سے زخمی ہوگیا، پولیس نے یوسف کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

پولیس نے زخمی گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا، جہاں وہ پولیس حراست میں زیرِ علاج ہے جبکہ شدید زخمی شہری نور احمد ہفتے کو دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے عباسی شہید اسپتال میں دم توڑ گیا، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی۔