سلمان خان کترینہ کیف کا نام لیے بغیر انکے دفاع میں بول پڑے

— فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان نے ساتھی اداکارہ کترینہ کیف کا نام لیے بغیر ان کا دفاع کرتے ہوئے ان افراد کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے جو ماں بننے کے بعد اداکارہ کے وزن میں اضافے پر سوشل میڈیا پر نامناسب تبصرے کر رہے ہیں۔

کترینہ کیف نے حال ہی میں اپنے شوہر وکی کوشل کے ہمراہ مکیش اور نیتا امبانی کی جانب سے منعقد کی گئی تقریبات میں شرکت کی، جہاں ان کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں۔

تقریب کے دوران کترینہ اپنے انداز اور لباس کے باعث بھی توجہ کا مرکز رہیں، تاہم تصاویر سامنے آنے کے بعد بعض سوشل میڈیا صارفین نے ان کے وزن اور ظاہری حلیے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے نامناسب تبصرے کیے۔

سلمان خان بھی کترینہ کیف کے دفاع میں سامنے آگئے، اپنے رئیلٹی شو ’بگ باس 20‘ کی حالیہ قسط میں اداکار نے سوشل میڈیا پر مشہور شخصیات کے جسم، حلیے اور ذاتی معاملات کو مذاق کا نشانہ بنانے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔

سلمان خان کا کہنا ہے کہ بعض لوگ سوشل میڈیا سے آمدنی حاصل کرنے کے لیے مشہور شخصیات کی ذاتی زندگی، ظاہری شکل اور دیگر معاملات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔

اداکار نے کہا ہے کہ کسی کو نیچا دکھا کر پیسہ کمانا دراصل ایسے لوگوں کی تربیت اور سوچ کی عکاسی کرتا ہے، مشہور شخصیات کو جسمانی ساخت، وزن، شکل و صورت، خاندان، پیشہ ورانہ ناکامیوں اور ماں بننے جیسے ذاتی معاملات پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سلمان خان نے کہا کہ ماں بننے کے بعد وزن میں اضافہ ایک فطری عمل ہے اور اداکارہ جب فلموں میں واپسی کریں گی تو دوبارہ خود کو فٹ کرلیں گی۔

سلمان خان نے سوال اٹھایا کہ جو لوگ خود اپنی ظاہری شکل و صورت کے حوالے سے عدم اطمینان کا شکار رہتے ہیں، وہ دوسروں کے وزن اور حلیے پر تنقید کرنے کو حق کیسے سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت کترینہ کیف کو اپنے خاندان کے ساتھ وقت گزارنے دیا جانا چاہیے۔

سلمان خان نے گفتگو کے دوران خود پر ہونے والی سوشل میڈیا ٹرولنگ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ مجھے بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اداکار نے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ میری عمر 60 برس ہوچکی ہے، اس لیے میں ہمیشہ ’میں نے پیار کیا‘ کے ہیرو کی طرح نظر نہیں آسکتا۔