این سی سی آئی اے نے انکوائری میں محمد رضوان سے کیا سوالات پوچھے؟

محمد رضوان— فائل فوٹو

نیشنل سائبر کرائمز انویسٹیگیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) میں انکوائری کے معاملے پر قومی کرکٹر محمد رضوان کو دیا گیا سوالنامہ سامنے آ گیا۔

این سی سی آئی اے کے وکیل اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے سوالنامہ لاہور ہائی کورٹ میں پیش کیا ہے۔

این سی سی آئی اے نے محمد رضوان کو 5 صفحات پر مشتمل سوال نامہ دیا تھا جس میں ان  سے 10 سال میں سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔

سوالنامے میں 5 سال کے دوران تنخواہ کے ذرائع، کرائے کی مد میں آمدن کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔

محمد رضوان سے بینک میں موجود رقم پر منافع کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہیں۔

اس سے قبل آج لاہور ہائی کورٹ نے کرکٹر محمد رضوان کی این سی سی آئی اے نوٹسز کے خلاف درخواست مسترد کر دی تھی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے محمد رضوان کی درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر کرکٹر محمد رضوان کی جانب سے ان کے وکیل قاضی عمیر علی عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ میرے مؤکل کو نوٹس بھجوائے گئے۔