قومی کرکٹر محمد رضوان نے این سی سی آئی اے کی طلبی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم آج درخواست پر سماعت کریں گی۔
محمد رضوان نے درخواست میں این سی سی آئی اے کے دائرہ اختیار اور تحقیقات کی نوعیت پر سوالات اٹھائے ہیں۔
درخواست میں محمد رضوان نے موقف اپنایا کہ این سی سی آئی اے نے طلب کرنے سے متعلق کوئی مخصوص الزام نہیں بتایا، این سی سی آئی اے کے نوٹس کے مطابق انکوائری آن لائن بیٹنگ اور جوا کی جاری ہے۔
محمد رضوان کے مطابق پیشی کے دوران بار بار غیرقانونی سرگرمیوں پر عائد الزامات کی تفصیلات سے متعلق پوچھا گیا لیکن پیشی پر میرے کسی سوال کا جواب نہیں دیا گیا۔
محمد رضوان نے درخواست میں موقف اپنایا کہ این سی سی آئی اے کسی نامعلوم الزام کی تحقیقات کیوں کررہا ہے، عدالت سے درخواست ہے کہ حتمی فیصلے تک این سی سی آئی اے کی کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے محمد رضوان اور امام الحق کو سوال نامہ دیا تھا، دونوں کھلاڑیوں کو 15 ستمبر تک سوالنامے کے جوابات جمع کرانے تھے، امام الحق نے سوالنامے کے جوابات جمع کروا دیے ہیں۔