دورانِ پرواز طیارے کا ٹائر پھٹ گیا، شدید جھٹکوں سے سامان گر گیا، مسافروں میں خوف و ہراس

— اسکرین گریب

ایرانی ایئر لائنز کے طیارے کا دوران پرواز ٹائر پھٹ گیا، جس سے طیارے میں شدید جھٹکے لگے جبکہ انجن میں بھی خرابی پیدا ہو گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مشہد سے کرمانشاہ جانے والی ایرانی ایئر لائنز کی پرواز بوئنگ 737 کے ساتھ ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد پیش آیا، جسے ہنگامی طور پر واپس مشہد لینڈ کرنا پڑا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دورانِ پرواز مرکزی لینڈنگ گیئر کا ایک ٹائر پھٹ کر الگ ہو گیا، جس سے طیارے میں شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جب کہ انجن میں خرابی کے مسائل بھی سامنے آئے۔

پائلٹ نے مسافروں کو انجن میں خرابی سے آگاہ کیا تو مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شدید جھٹکوں کے باعث طیارے کے کیبن کی چھت اور اوور ہیڈ کمپارٹمنٹس کے کچھ حصے متاثر ہوئے، جبکہ سامان رکھنے والے خانوں سے مسافروں کا سامان نیچے گر گیا اور بعض اشیاء طیارے میں موجود افراد سے جا ٹکرائیں۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی کیبن کے اندر کی ویڈیو میں مسافروں کو خوف کے عالم میں دعائیں کرتے اور چیختے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارے کے عملے نے مشہد کے ہوائی اڈے پر واپس جانے کا فیصلہ کیا اور جہاز کو باحفاظت لینڈ کروا دیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔

رپورٹس کے مطابق یہ حالیہ عرصے میں مشہد ایئر پورٹ پر ایرانی ایئر لائنز کے کسی طیارے سے پیش آنے والا دوسرا واقعہ ہے۔