وزیرِ اعظم کی پمز اسپتال کی بہتری کیلئے 3 ماہ میں اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت

وزیرِ اعظم شہباز شریف— فائل فوٹو

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پمز اسپتال کی بہتری کے لیے 3 ماہ میں اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔

پمز اسپتال کی بہتری کے لیے لائحہ عمل پر اجلاس میں پمز تحقیقاتی رپورٹ اور پمز کے پرفارمنس آڈٹ کا جائزہ لیا گیا۔

اس حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ پمز میں فائر سیفٹی کے لیے پی کے ایل آئی سے معاونت لی جائے اور ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کی تجاویز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں ادویات کی مفت فراہمی کے اقدامات لائحہ عمل کا حصہ بنائے جائیں، پمز میں اچھی شہرت رکھنے والی افرادی قوت تعینات کی جائے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ پولی کلینک اسپتال کا آڈٹ کر کے بے ضابطگیاں دور کی جائیں۔

وزیرِ اعظم نے سرکاری و نجی اسپتالوں، دفاتر اور عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔