واٹس ایپ گروپس میں میٹا اے آئی کو ٹیگ کرنے کی سہولت بعض صارفین کے لیے کام کرنا بند ہو گئی ہے جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں کہ واٹس ایپ نے خاموشی سے یہ فیچر محدود یا ختم کر دیا ہے۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ کے مطابق صارفین نے سوشل میڈیا پر بتایا ہے کہ چند ہفتے قبل گروپ چیٹ میں میٹا اے آئی کو ٹیگ کرنے پر جواب مل جاتا تھا تاہم اب ایسا نہیں ہو رہا، ایسی شکایات فیس بُک سے بھی سامنے آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ یا میٹا کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا، واٹس ایپ کے امدادی مرکز میں اب بھی گروپس میں میٹا اے آئی کو ٹیگ کرنے کی سہولت دستیاب اور معاون فیچر کے طور پر درج ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماہرین کی رائے کے مطابق اس مسئلے کی وجہ واٹس ایپ کی چیٹ کی جدید رازداری کی ترتیب بھی ہو سکتی ہے جسے فعال کرنے پر متعلقہ گفتگو میں میٹا اے آئی کو ٹیگ نہیں کیا جاسکتا، اس کے علاوہ ایپ کا پرانا ورژن یا مختلف علاقوں میں مرحلہ وار تبدیلیوں کا نفاذ بھی ممکنہ وجوہات میں شامل ہو سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک قیاس آرائی یہ بھی گردش کر رہی ہے کہ خفیہ کاری سے متعلق خدشات کے باعث گروپس میں میٹا اے آئی ٹیگ کرنے کی سہولت واپس لے لی گئی ہے تاہم اس کی کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔
دی نیوز انٹرنیشنل کے مطابق فی الحال دستیاب معلومات کی بنیاد پر میٹا اے آئی کے گروپ ٹیگنگ فیچر کو ختم کیے جانے کی خبر محض قیاس آرائی ہے۔