بالی ووڈ کے معروف گلوکار سونو نگم نے ایک بار پھر اپنی آواز کے منفرد انداز سے مداحوں کو حیران کر دیا۔
انہوں نے امریکی کنسرٹ کے دوران شاہ رخ خان کی مقبول فلم کے گانے آج کی رات کو مرد اور خاتون دونوں کی آواز میں پیش کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سونو نگم ان دنوں ’دی ریوولوشن سونو نگم لائیو‘ کے عنوان سے امریکی دورے پر ہیں، 13 ستمبر کو انہوں نے نیویارک کے ناساؤ ویٹرنز میموریل کولیزیم میں پرفارم کیا، جس کی ویڈیو بعد میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
کنسرٹ کے دوران سونو نگم نے ’آج کی رات‘ کے مختلف حصے گاتے ہوئے مرد اور خاتون کے کرداروں کے لیے اپنی آواز کا انداز تبدیل کیا، اس گانے کو اصل میں سونو نگم، علیشا چنائے اور مہالکشمی ایّر نے گایا تھا۔
’آج کی رات‘ 2006ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’ڈان: دی چیس بگنز اگین‘ کا گانا ہے، جس میں شاہ رخ خان، پریانکا چوپڑا، ارجن رام پال، ایشا کوپیکر اور بومن ایرانی نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔
گانے کے بول جاوید اختر نے لکھے تھے جبکہ اس کی موسیقی شنکر، احسان اور لوائے نے ترتیب دی تھی۔
کنسرٹ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد صارفین نے سونو نگم کی آواز بدلنے کی صلاحیت کو سراہا۔
سونو نگم اس سے قبل بھی اپنی آواز میں مختلف انداز پیدا کرنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کر چکے ہیں، ایک سابق انٹرویو میں انہوں نے فلم ’تیس مار خان‘ کے ٹائٹل گانے کے حوالے سے بتایا تھا کہ میں نے اس گانے میں 54 مختلف آوازوں کا استعمال کیا تھا۔
ان کے مطابق ابتداء میں یہ منصوبہ نہیں تھا، تاہم میں نے ایک ہی گانے کے کئی ورژن ریکارڈ کیے، جنہیں بعد میں موسیقار شرین کندر نے یکجا کیا۔
سونو نگم نے بتایا تھا کہ اس گانے میں وہی کورس اور مرکزی گلوکار دونوں تھے، تاہم تمام آوازیں ایک دوسرے سے مختلف محسوس ہوتی تھیں۔