اے آئی کی رفتار کم کرنے سے چین پر امریکا کی برتری ختم ہو سکتی ہے: امریکی اسپیکر

مائیک جانسن — فائل فوٹو 

امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی ترقی کی رفتار کم کرنے کی تجاویز مسترد کر دیں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اے آئی کی ترقی کی رفتار کم کرنے سے امریکا کو چین پر برتری کھونے کا خطرہ ہو سکتا ہے۔

مائیک جانسن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اے آئی کی ترقی پر پابندی عائد نہیں کر سکتا، کیونکہ اس صورت میں امریکا چین کے مقابلے میں اپنی برتری کھو دے گا اور اس کے ہر امریکی خاندان کی قومی سلامتی پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اے آئی کمپنیوں کو بڑی حد تک اپنے معاملات کی نگرانی خود کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے۔

امریکی اسپیکر نے کہا کہ اے آئی کمپنیاں خود ضابطے بنا سکتی ہیں، حکومت کو انہیں یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ رفتار کم کریں، اگر وہ رفتار کم کرنا چاہتی ہیں تو ایسا کر سکتی ہیں۔

مائیک جانسن کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اے آئی کو محدود کرنے کے مطالبات سیاسی میدان کے مختلف حلقوں میں زور پکڑ رہے ہیں، جس کی وجہ اس ٹیکنالوجی کے روزگار، توانائی کے اخراجات اور عوامی تحفظ پر ممکنہ اثرات سے متعلق خدشات ہیں۔

قبل ازیں امریکی سینیٹر برنی سینڈرز اور امریکی صدر کے سابق مشیر اور دائیں بازو کی نمایاں آواز اسٹیو بینن نے گزشتہ روز واشنگٹن میں ایک تقریب میں شرکت کے دوران اے آئی  سخت نگرانی کا مطالبہ کیا تھا۔