پنجاب بھر میں 5 روز کیلئے دفعہ 144 کے تحت اجتماع پر پابندی عائد

پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں 5 روز کےلیے دفعہ 144 کے تحت اجتماع پر پابندی لگادی۔

صوبائی حکومت نے پنجاب میںامن و امان کی صورتحال اور ممکنہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق صوبے بھر میں عوامی مقامات، سڑکوں، شاہراہوں اور کھلی جگہوں پر 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماع، ریلی، جلسے، جلوس، دھرنے اور مظاہروں پر پابندی عائد کردی گئی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے پنجاب میں عوامی اجتماعات کے دوران دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے متعلق رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے تحت شادی کی تقریبات، نماز جنازہ، تدفین اور مساجد و گرجا گھروں میں عبادات کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے سرکاری فرائض اور عدالتوں کی کارروائیاں بھی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔