ملک مضبوط کرنے کیلئے سیاسی قیادت کو متحد ہونا ہوگا: محمود اچکزئی

تصویر، سوشل میڈیا

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک کو مضبوط کرنے کے لیے سیاسی قیادت کو متحد ہونا ہوگا۔

کراچی پریس کلب میں عطااللّٰہ مینگل کے تعزیتی ریفرنس سے محمود اچکزئی، سینیٹر راجا ناصر عباس، پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجا، اسد قیصر اور جے یو آئی کے علامہ راشد سومرو نے خطاب کیا۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہم قومیتوں کی تقسیم کے خلاف ہیں، ہم سب ایک درخت کی شاخیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کو مضبوط کرنے لیے سیاسی قیادت کو متحد ہونا ہوگا، بات چیت سے مسائل کا حل نکالنا ہے، ظلم کے خلاف بات کرنی ہے۔

اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ جب تک قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی ملک نہیں چلے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ تباہی تب آتی ہے جب انصاف کا بول بالا نہیں ہوتا، جب کوئی اقتدار میں نہیں ہوتا تو آئین کی بات کرتا ہے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 28ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے، بانی نے کہا ہے کہ سندھیوں کو فیصلہ کرنے دو اور انہی کے ساتھ کھڑے ہو جاؤ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ہمراہ کراچی میں داخل نہیں ہوسکے، بانی پی ٹی آئی کو آفرز کی گئی لیکن وہ ماننے کو تیار نہیں۔

اسد قیصر نے کہا کہ معاشرے میں انصاف نہیں اسی وجہ سے مسائل ہیں، بلوچستان کے وسائل پر وہاں کے عوام کا حق ہے۔

راشد سومرو نے کہا کہ عوام کو حقوق نہ ملنے تک جدوجہد جاری رکھیں گے، نئے صوبے بنانے سے پہلے بتائیں پرانے صوبوں کا کیا حال ہے۔

سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ اُن کے والد نے آمروں کے خلاف آواز بلند کی، والد کی برسی میں شرکت کرنے والوں کا وہ شکریہ ادا کرتے ہیں۔