اقراء عزیز کے نام سے پہچانے جانے میں کوئی مسئلہ نہیں: یاسر حسین

—فائل فوٹو

اداکار یاسر حسین نے کہا ہے کہ مجھے اس بات پر بالکل کوئی اعتراض نہیں کہ لوگ مجھے اہلیہ اور اداکارہ اقراء عزیز کے نام اور کامیابی کی وجہ سے پہچانیں۔

یاسر حسین نے حال ہی میں عفت عمر کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی شناخت، اہلیہ کی کامیابی اور معاشرے میں مردانگی سے جڑے توقعات پر کھل کر گفتگو کی۔

یاسر حسین کا کہنا ہے کہ اگر لوگ مجھے اقراء عزیز کی وجہ سے جانتے ہیں تو مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں، مجھے خود پر مکمل اعتماد ہے، اس لیے مجھے اس بات سے کوئی احساسِ کمتری نہیں ہوتا۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی خاتون بہترین کام کر رہی ہو تو اس کے شوہر کو اس کے نام سے پہچانے جانے میں کیا قباحت ہے، اگر بیوی کا نام بڑا ہو اور وہ بہترین کام کر رہی ہو تو شوہر کو اس کی کامیابی پر فخر ہونا چاہیے۔

یاسر حسین نے کہا کہ معاشرے میں مضبوط اور کمزور ہونے کے حوالے سے مردانگی کے ایسے تصورات قائم کر دیے گئے ہیں جو ضروری نہیں کہ درست ہوں، مرد ہونے کا کسی شخص کے اپنے نام سے پہچانے جانے یا اپنی اہلیہ کے نام سے شناخت بننے سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی عورت کی کامیابی سے مرد کو خود کو کم تر محسوس نہیں کرنا چاہیے۔

یاسر حسین نے ایک دوسرے اداکار کے حالیہ بیان کا بھی حوالہ دیا، جس میں اداکار نے اپنی اہلیہ کے کسی دوسرے مرد کے ساتھ مخصوص مناظر عکس بند کرانے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

 یاسر نے کہا کہ وہ اس اداکار کی ذاتی رائے کا احترام کرتے ہیں، خصوصاً اس لیے کہ وہ خود بھی ہدایت کار ہیں اور اپنی رائے رکھنے کا حق رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بعض اوقات عام باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے اور معمولی بیانات سے غیرضروری بحث جنم لے لیتی ہے، کسی شخص کو صرف ایک خاص رائے کے اظہار پر فوراً عظیم انسان قرار دینا بھی درست نہیں۔

اپنی سوچ میں آنے والی تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے یاسر حسین نے اعتراف کیا کہ شاید یہ سوچ ہمیشہ سے میرا حصہ نہیں تھی، تاہم اقراء عزیز سے شادی کے بعد مجھے یہ بات زیادہ واضح طور پر سمجھ آئی۔

انہوں نے کہا کہ اقراء سے ملنے کے بعد مجھے شدت سے احساس ہوا کہ یہ ایک اچھی بات ہے اور ایسا ہی ہونا چاہیے، جو شخص زیادہ محنت کرتا ہے اور جس کا نام زیادہ نمایاں ہے، اسے اس کا پورا کریڈٹ ملنا چاہیے۔

یاسر حسین نے یہ بھی واضح کیا کہ اقراء عزیز کی سرکاری شناختی دستاویزات میں اب بھی نام ’اقراء عزیز‘ ہی درج ہے، جبکہ انسٹاگرام پر انہوں نے اپنی مرضی سے ’حسین‘ نام استعمال کیا ہے۔

یاسر کے مطابق میں نے کبھی اقراء سے ایسا کرنے کا نہیں کہا اور انسٹاگرام پر ’حسین‘ نام لکھنا مکمل طور پر اقراء کا اپنا فیصلہ تھا۔

یاسر حسین اور اقراء عزیز نے 28 دسمبر 2019ء کو کراچی میں شادی کی تھی۔ اس سے قبل یاسر نے اسی سال لکس اسٹائل ایوارڈز کی تقریب میں اقراء کو شادی کی پیشکش کی تھی۔

جوڑے کے ہاں جولائی 2021ء میں پہلے بیٹے کبیر کی پیدائش ہوئی، جبکہ جنوری 2026ء میں ان کے ہاں دوسری اولاد، بیٹی صوفیہ کی پیدائش ہوئی۔