بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ دارالحکومت نئی دہلی میں دہلی ہائی کورٹ، اندرا گاندھی بین الاقوامی ایئرپورٹ اور دیگر اہم مقامات کو بم دھماکوں کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھمکی آمیز ای میلز کا عنوان ’دہلی ہائی کورٹ میں دھماکا، 2 بج کر 11 منٹ‘ہے، ای میل میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہفتے کے روز دوپہر 2 بج کر 11 منٹ پر دہلی ہائی کورٹ میں بم دھماکا کیا جائے گا، جس کے ایک گھنٹے بعد ضلعی عدالتوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ای میل میں سکھ علیحدگی پسند تحریک خالصتان کا نام استعمال کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ تحریک کے ارکان دہلی پہنچ چکے ہیں اور شہر کو خالصتان میں تبدیل کیا جائے گا، دھمکیوں میں دہلی کی عدالتوں پر سکھوں کے خلاف مقدمات چلانے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
دہلی کے مزید 6 مقامات کو موصول ہونے والی دھمکیوں میں جمناگر ہاؤس، جھنڈیوالان عمارت، ساکیت دفتر، ضلعی مجسٹریٹ کا دفتر، اندرا گاندھی بین الاقوامی ایئرپورٹ کا ٹرمینل 3 اور دہلی کینٹ کا سب ڈویژنل مجسٹریٹ دفتر شامل ہے۔
بھارتی میڈیا پر دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ دہلی میٹرو اور امبالہ جانے والی ٹرینوں کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اطلاع ملتے ہی تمام مذکورہ مقامات پر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں روانہ کر دی گئی ہیں، تاحال کسی مقام سے کوئی مشتبہ چیز برآمد نہیں ہوئی تاہم سیکیورٹی اور تلاشی کا عمل جاری ہے۔