مقبول ترین انڈین کرائم ڈراما سیریز ’مرزا پور‘ کے تیسرے سیزن میں منّا بھیا کی عدم موجودگی نے شائقین کو شدید مایوس کیا تھا، لیکن اب بڑے پردے پر بننے والی فلم کے ذریعے اس کردار کی واپسی نے شائقین کا جوش و خروش دوبارہ بڑھا دیا ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں جب ڈیوئیندو سے پوچھا گیا کہ کیا سیزن 2 کے اختتام پر منّا بھیا کا قتل دکھانا ایک غلطی تھی تو انہوں نے کہا، ’ہاں، بالکل! مجھے لگتا ہے کہ رائٹرز اور پروڈیوسرز سے یہ غلطی ہوئی تھی لیکن اب فلم کے ذریعے اس غلطی کو سدھارا جا رہا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ویسے بھی مداحوں کے دلوں میں منّا بھیا کا کردار ہمیشہ کے لیے امر ہو چکا ہے۔‘
پروڈکشن ہاؤس نے اعلان کیا ہے کہ ’مرزا پور‘ کو اب ایک بڑی فیچر فلم کی شکل میں تھیٹرز میں پیش کیا جائے گا۔ اس فلم میں جہاں پنکج ترپاٹھی، علی فضل اور ابھیشیک بنرجی اپنے پرانے انداز میں نظر آئیں گے، وہیں ڈیوئیندو کا دوبارہ انٹری مارنا فلم کا سب سے بڑا سرپرائز ہوگا۔
ڈیوئیندو کا کہنا تھا کہ بڑے پردے پر مرزا پور کا ماحول اور منّا بھیا کی طوفانی انٹری شائقین کے لیے ایک الگ ہی سنسنی خیز تجربہ ثابت ہوگی۔