برطانیہ سے افریقی ملک ایسواتینی منتقل کیے جانے والے سری لنکن پناہ گزین کیشانتھ پیرامالیا نے 13 ستمبر کو خودکشی کر لی۔
اس واقعے نے برطانوی پناہ گزین پالیسی اور انسانی حقوق کے حوالے سے نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
کیشانتھ 2021ء میں بھارت سے کینیڈا جانے والی کشتی میں سوار تھا، جسے برطانوی بحریہ نے ریسکیو کرکے ڈیاگو گارسیا منتقل کیا تھا۔
نومبر 2024 میں برطانیہ نے 61 پناہ گزینوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دی، تاہم کیشانتھ کو جنسی زیادتی، جسمانی تشدد اور آتش زنی کے مقدمات میں سزا یافتہ ہونے کے باعث داخلے سے روک دیا گیا۔
سری لنکا میں ماضی کے تشدد اور جنسی زیادتی کے واقعات کے باعث اسے واپس بھیجنے سے تحفظ حاصل تھا، بعد ازاں اسے مالدیپ کے راستے ایسواتینی منتقل کر دیا گیا۔
برطانوی ہائی کورٹ کے مطابق کیشانتھ ذہنی دباؤ اور پوسٹ ٹرامیٹک اسٹریس ڈس آرڈر کا شکار تھا اور ماضی میں متعدد مرتبہ خودکشی کی کوشش کر چکا تھا۔
اس کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ایسواتینی میں اسے تنہا رکھا گیا، جہاں وہ شدید تنہائی کا شکار رہا۔
اس کی بہن کے مطابق وہ وہاں نہیں رہنا چاہتا تھا اور اکثر فون کرکے اپنی پریشانی کا اظہار کرتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق برطانیہ نے اس کی ایسواتینی میں رہائش اور اخراجات کے لیے 3 سالہ انتظامات کی تجویز دی تھی، تاہم مستقل رہائش کا کوئی باضابطہ معاہدہ طے نہیں پایا۔
برطانوی حکومت کا کہنا ہے کہ عوام کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس معاملے پر ایسواتینی حکام سے رابطے میں ہے۔