صومالی لینڈ میں اسرائیلی سفارتی نمائندے کی تعیناتی پر پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، مصر، کویت اور انڈونیشیا سمیت 12 ممالک کے وزرائے خارجہ کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
ریاض سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں اسرائیل کے نام نہاد ’صومالی لینڈ‘ میں سفارتی نمائندہ مقرر کرنے کے اعلان کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اقدام صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
وزرائے خارجہ نے یکطرفہ اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے ریاستوں کی خود مختاری کے احترام پر زور دیا ہے۔
صومالیہ کی وحدت اور قانونی ریاستی اداروں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔
مشترکہ بیان میں میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیلی اقدام عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے اور یہ اقدام افریقی یونین کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے اور اس سے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔
ایسے اقدامات خطرناک مثال قائم کرتے ہیں، کیوں کہ یہ اقدام صومالیہ کی خود مختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہے۔