بالی ووڈ اداکار شرد کپور نے انکشاف کیا ہے کہ بعض افراد نے امداد کے نام پر میرے ہاتھ میں نقد رقم تھمائی، ویڈیو بنائی اور پھر رقم واپس لے لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شرد کپور نے اس عمل کو اپنی تضحیک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے سمجھ نہیں آیا کہ لوگ میرے ساتھ ایسا سلوک کیوں کر رہے ہیں۔
شرد کپور نے ایک ویڈیو پیغام میں فلمی صنعت کے ساتھیوں، مداحوں اور مدد کرنے والے افراد کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بعض لوگ غلط تاثر دے رہے ہیں کہ انہوں نے مجھے مالی امداد فراہم کی ہے، حالانکہ کچھ افراد نے صرف ویڈیو بنانے کے لیے رقم میرے ہاتھ میں دی اور بعد میں واپس لے لی۔
اداکار نے کہا کہ آئندہ میں ایسے لوگوں کے سامنے ہاتھ جوڑ لوں گا، اگر کسی کو مجھ سے کوئی بات کرنی ہے تو وہ براہِ راست مجھے پیغام بھیج سکتے ہیں یا میری دوست ہیما سے رابطہ کر سکتے ہیں۔
شرد کپور کی دوست ہیما کون ہیں؟
بھارتی میڈیا کے مطابق ہیما چوہدری ممبئی میں قائم ایک فلاحی تنظیم کی بانی اور شرد کپور کی قریبی دوست ہیں، ہیما نے بھی ایک ویڈیو میں اداکار کی خراب صحت اور بعض افراد کے رویے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ہیما چوہدری کے مطابق شرد کپور کی طبیعت انتہائی خراب ہے، اداکار زیادہ دیر گفتگو نہیں کر سکتے اور بعض اوقات اپنی بات بھی درست انداز میں بیان نہیں کر پاتے۔
انہوں نے کہا کہ شرد کی مدد کے لیے اداکار کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھی جس کے بعد فلمی صنعت سے کچھ افراد شرد سے ملنے ضرور آئے مگر تاحال کوئی عملی مالی مدد سامنے نہیں آئی۔
ہیما نے بتایا کہ بعض افراد شرد کپور کو کھانے پر لے جانے کے بہانے باہر لے گئے، ایک شخص نے شرد کو نقد رقم دے کر ویڈیو بنائی اور بعد میں رقم واپس لے لی، یہ مدد نہیں بلکہ تشہیر اور سوشل میڈیا پر فالوورز بڑھانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ شرد کپور کی بیماری اور ذہنی دباؤ کا فائدہ اٹھانے کے بجائے انہیں سکون سے زندگی گزارنے دی جائے، اداکار کو طبی توجہ کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ شرد کپور نے حال ہی میں انسٹاگرام پر ویڈیو پیغام کے ذریعے فلمی صنعت کے سینئر اداکاروں اور ساتھیوں سے مالی اور اخلاقی مدد کی اپیل کی تھی۔
اداکار کا کہنا تھا کہ 2024ء میں میرے خلاف جنسی ہراسانی کا مقدمہ درج ہونے کے بعد میں شدید ذہنی دباؤ اور ڈپریشن کا شکار ہو گیا تھا، ممبئی پولیس نے میرے خلاف ایک 32 سالہ اداکارہ اور پروڈیوسر کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے الزام پر مقدمہ درج کیا تھا۔
شرد کپور کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ 2 سے 3 سال سے بستر پر ہوں اور مجھے مالی، اخلاقی اور ذہنی مدد کی ضرورت ہے، اب میں دوبارہ کام کرنا چاہتا ہوں تاکہ اپنے مالی مسائل سے نکل سکوں۔