اپنے متنازع بیانات اور اقدامات کے باعث شہہ سرخیوں کا حصہ بنے رہنے والے پاکستانی معروف یوٹیوبر رجب بٹ نے مرحوم سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کا کردار ادا کرنے کے خواہش ظاہر کر دی۔
رجب بٹ جلد ہی فلمی دنیا میں قدم رکھنے والے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی۔
انٹرویو کے دوران معروف سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کا ذکر چھڑ گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث شروع ہو گئی۔
پوڈکاسٹ میں رجب بٹ سے پوچھا گیا کہ وہ کس شخصیت کی بائیوپک کرنا پسند کریں گے؟
رجب بٹ نے ابتداء میں مزاحیہ انداز میں کہا کہ میں اپنی ہی زندگی پر بننے والی فلم میں اپنا کردار ادا کرنا چاہوں گا، کیونکہ میری زندگی خاصی دلچسپ ہے، تاہم بعد ازاں انہوں نے پاکستان کی عظیم سماجی شخصیت اور معروف فلاحی کارکن مرحوم عبدالستار ایدھی کا نام لیا۔
رجب بٹ کا کہنا ہے کہ میں ایدھی صاحب سے بے حد محبت کرتا ہوں اور میری خواہش ہے کہ ان کی بائیو پک میں مجھے ایدھی صاحب کا کردار ادا کرنے کا موقع ملے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر میں ایدھی صاحب کا حلیہ اختیار کر سکوں اور ناظرین مجھے اسکرین پر اس کردار میں قبول کر لیں تو یہ ممکن ہو سکتا ہے، تاہم رجب بٹ کی جانب سے عبدالستار ایدھی کا کردار ادا کرنے کی خواہش پر سوشل میڈیا صارفین نے زیادہ تر ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔