بالی ووڈ اداکار سنجے دت نے اپنی اہلیہ مانایتا دت سے عمر کے 20 سال کے فرق پر دلچسپ انداز میں بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ میں نے مانایتا کو پہلی مرتبہ اس وقت دیکھا تھا جب وہ بچوں کی پرام میں بیٹھی تھیں۔
67 سالہ اداکار نے شیکھر سمن کے ساتھ گفتگو میں اپنی ازدواجی زندگی اور اہلیہ کے ساتھ تعلق کے بارے میں بات کی۔
سنجے دت نے بتایا کہ مانایتا مجھ سے 20 سال چھوٹی ہیں، بعد ازاں ہم دونوں کی ملاقات ہوئی اور ہمارے درمیان تعلق قائم ہو گیا۔
سنجے دت نے اپنی اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اپنی والدہ اداکارہ نرگس کے بعد مانایتا جیسی وفادار اور اپنے خاندان کے لیے ثابت قدم رہنے والی خاتون نہیں دیکھی۔
ان کا کہنا ہے کہ جیل ہو یا زندگی کا کوئی بھی مشکل مرحلہ، مانایتا ہمیشہ میرے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی رہیں۔
واضح رہے کہ سنجے دت نے پہلی شادی 1987ء میں رچا شرما سے کی تھی، جن سے ان کی ایک بیٹی تریشالا دت ہیں، دونوں 1996ء میں الگ ہو گئے تھے۔
بعد ازاں اداکار نے 1998ء میں ریا پلائی سے شادی کی، جو 2008ء میں ختم ہو گئی، اسی سال سنجے دت نے مانایتا سے شادی کر لی تھی، اس جوڑے کے جڑواں بچے شاہران اور اقراء ہیں۔