امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ برطانوی ایئر بیس پر مبینہ بم حملے کی سازش میں غیر ملکی ملوث ہیں۔
انہوں نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی ایئر بیس کو امریکی فوج بھی استعمال کرتی ہے، یہ ایک انتہائی سنگین صورتِ حال ہے۔
امریکی وزیرِ خارجہ نے گفتگو کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ مبینہ غیر ملکی مداخلت سے متعلق مزید معلومات آئندہ چند روز میں سامنے آ سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ بہت سی مختلف وجوہات کی وجہ سے کچھ باتیں ایسی ہیں جو میں یہاں نہیں بتا سکتا۔
مارکو روبیو نے کہا کہ اس خبر پر لوگوں کی تشویش کو سمجھتا ہوں کہ اتوار کو رائل ایئر فورس (RAF) فیئر فورڈ ایئر بیس کے قریب گرفتار کیے گئے 5 مشتبہ مردوں کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مبینہ سازش کو ناکام بنانے میں تعاون اور مدد پر برطانوی حکام کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ واشنگٹن برطانوی تفتیش کاروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
ایران کی جانب سے امریکی مفادات کو لاحق خطرات کی مثال دیتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ کسی حملے یا حملے کی کوشش کرنے والوں کو نتائج بھگتنے ہوں گے، گزشتہ ہفتے کے آخر میں جو کچھ ہوا، وہ ایک انتہائی سنگین خطرہ ہو سکتا تھا۔
واضح رہے کہ 27 ستمبر کی صبح رائل ایئر فورس کے فیئر فورڈ اڈے پر مشکوک گاڑیوں کی آمد کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انسدادِ دہشت گردی پولیس نے برطانوی ایئر بیس پر بم حملے کی مبینہ منصوبہ بندی کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس معاملے کے ایران سے مشتبہ تعلق کی تحقیقات کر رہی ہے، رائل ایئر فورس کے اڈے پر امریکی بمبار طیارے موجود ہیں۔