ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ آئرن کی کمی الزائمر اور ڈیمینشیا کے خطرات کو بڑھا سکتی ہے۔
برطانوی ٹیبلائیڈ میں شائع رپورٹ کے مطابق اسٹاک ہوم یونیورسٹی کے محققین نے 2 ہزار 282 صحت مند افراد پر 9 سال تک تحقیق کی، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ آئرن کی کمی دماغ کو بیماری کے خلاف کمزور بنا دیتی ہے اور علامات کو تیز کر دیتی ہے، خاص طور پر مردوں میں۔
تحقیق کے مطابق جن افراد میں ہیموگلوبن کی سطح کم تھی، ان میں الزائمر ہونے کا امکان 66 فیصد زیادہ پایا گیا۔ خون کے نمونوں میں الزائمر سے جڑے پروٹین کی سطح بھی زیادہ دیکھی گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خواتین میں آئرن کی کمی زیادہ عام ہے، لیکن مردوں میں یہ بعد میں اور زیادہ خطرناک صورت میں ظاہر ہوتی ہے، جو دماغی صحت پر شدید اثر ڈال سکتی ہے۔
دنیا بھر میں تقریباً 2 ارب افراد آئرن کی کمی کا شکار ہیں، جن میں سے 1.2 ارب کو آئرن ڈیفیشنسی انیمیا ہے۔
برطانیہ میں ہر سال 57 ہزار سے زائد افراد انیمیا کے باعث اسپتال میں داخل ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ مسئلہ بڑی حد تک قابلِ علاج ہے۔ روزانہ آئرن سپلیمنٹ یا سبز پتوں والی سبزیاں، آئرن سے بھرپور سیریلز اور سرخ گوشت کھانے سے اس کمی کو پورا کیا جا سکتا ہے۔
الزائمر دنیا میں سب سے عام ڈیمینشیا ہے، جو مریضوں کو 75 فیصد تک کو متاثر کرتا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ تقریباً 45 فیصد کیسز بہتر طرزِ زندگی اور بروقت اسکریننگ سے روکے یا مؤخر کیے جا سکتے ہیں۔