شفیع جان کا رانا ثناء اللّٰہ کے موبائل فون کے فرانزک کا مطالبہ

وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ کے موبائل فون کے فرانزک کا مطالبہ کردیا۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران شفیع جان نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کے موبائل فون کا فرانزک کرایا جائے، فرانزک ہوگا تو کالعدم تنظیموں سے رابطوں کا پتا لگ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی پی ٹی آئی نے نہیں کیا اور نہ ہی ہم اس کا سوچ سکتے ہیں، اس دن، کس نے کیا کیا؟ ٹھوس شواہد لائیں اور سزا دیں۔

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ہم پرامن طریقے سے خیبر پختونخوا سے اسلام آباد کی طرف بڑھیں گے، دیگر شہروں کے لوگ اسلام آباد نہیں آئیں گے وہ اپنے شہر بند کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے ساتھ جو شہر ٹچ ہوتے ہیں، وہاں کے لوگ اسلام آباد آئیں گے، پنجاب میں پارٹی قیادت میں سے کسی نے لانگ مارچ سے منع نہیں کیا۔

شفیع جان نے یہ بھی کہا کہ ہم اس نظام کو گرانے آرہے ہیں اور پوری طاقت سے آئیں گے، لوگوں کے ہجوم سے ہمیں اٹھانا کوئی خالہ جی کا گھر نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر وہ اس قسم کے وارنٹ نکال رہے ہیں تو ہم بھی کچھ پلان کرکے بیٹھے ہیں، اگر ہمیں اٹھایا جاتا ہے یا گرفتار کیا جاتا ہے تو ہم نے کچھ ویڈیوز ریکارڈ کی ہوئی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سہیل آفریدی کو تو یہ چھو نہیں سکتے جب تک ان کو نااہل نہ کریں، سہیل آفریدی یا دیگر کو اٹھایا جاتا ہے تو اس کے رد عمل میں ہم نے ویڈیوز تیار کی ہوئی ہیں، سہیل آفریدی 4 کروڑ لوگوں کے نمائندے ہیں، فارم 45 کے واحد وزیراعلیٰ ہیں۔