والد سیٹ پر کسی اداکارہ کو زیادہ میک اپ میں دیکھتے تو چہرہ دھونے کیلئے کہتے تھے، میگھنا گلزار

تصویر سوشل میڈیا۔

معروف بھارتی شاعر، گیت نگار، مصنف اور ہدایتکار گلزار کی بیٹی میگھنا گلزار نے انکشاف کیا کہ ان کے والد اپنے سیٹ پر اگر کسی اداکارہ کو بہت زیادہ میک اپ کیے ہوئے دیکھتے تو اسے چہرہ دھونے کے لیے کہہ دیتے تھے۔ 

میگھنا گلزار نے اپنی آئندہ آنیوالی فلم دائرہ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں یہ انکشاف کیا اس موقع پر کرینہ کپور اور پرتھوی راج سوکومارن بھی موجود تھے۔

تقریب میں شریک گلزار صاحب نے کہا کہ وہ اپنے سیٹ پر اداکاروں کی حوصلہ افزائی کس طرح کرتے تھے، اس کے لیے وہ اپنی جیب میں ٹافیاں رکھتے تھے۔ اگر آپ نے مجھے اچھا شاٹ دیا تو میں آپ کو ٹافی پیش کرتا تھا۔ میرے ٹیکنیشنز کو بھی ٹافیاں ملتی تھیں۔ 

تقریب میں شریک پرتھوی راج نے پرمزاح انداز میں میگھنا سے کہا کہ وہ اپنے والد سے کچھ سیکھیں۔

اس پر 53 سالہ میگھنا نے کہا یہ بات شرمیلا ٹیگور جی بھی جانتی ہوں گی کہ اگر کوئی اداکارہ گلزار کے سیٹ پر ضرورت سے زیادہ میک اپ کر لیتی تھی تو وہ اسے واپس بھیج دیتے تھے تاکہ میک اپ کم کر کے آئے۔ 

اس پر 92 سالہ گلزار صاحب نے کہا اگر کوئی زیادہ میک اپ کر لیتا تھا تو وہیں سے منظر شروع ہوتا تھا کہ منہ ہاتھ دھو کر بات کیجیے۔ 

میگھنا نے مزید بتایا وہ ایسا منظر لکھ دیتے تھے جس میں اداکارہ اپنا چہرہ دھو رہی ہوتی تھی۔ گلزار صاحب نے بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا اداکاراؤں کو احساس ہو جاتا تھا، پھر وہ مجھ سے کہتی تھیں ہمیں 5 سے 10 منٹ دے دیں تاکہ جا کر اسے درست کر لیں۔

جہاں تک میگھنا کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم دائرہ کا تعلق ہے تو یہ ایک تحقیقاتی کرائم تھرلر ہے، جس کی کہانی دو پولیس افسران کے گرد گھومتی ہے۔ جن میں ایک کرینہ کپور ڈی سی پی اجونی کوہلی کا کردار ادا کر رہی ہیں، جبکہ پرتھوی راج سوکومارن ڈی سی پی رمن کمار کے کردار میں نظر آئیں گے۔ 

فلم 18 ستمبر 2026 کو سینما گھروں پر ریلیز ہوگی۔