انگلینڈ میں حکومت مقامی علاقوں کی ترقی کےلیے مئیرز کو رات بسر کرنے والے سیاحوں سے ٹیکس وصول کرنے کا اختیار دے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مقامی علاقوں میں مزید رقم خرچ کرنے کے لیے دستیاب ہوگی، مجوزہ منصوبے کے تحت ہوٹلوں، بی اینڈ بی اور دیگر رہائش کیے اخراجات کا 1 فیصد تک فیس عائد کی جاسکے گی، اسے سیاحتی ٹیکس کہا جا رہا ہے۔
مہمان نوازی کے شعبے کے رہنماؤں نے خبردار کیا ہے کہ اس سے ملازمتیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں اور خاندانوں پر اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔
تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ وہ کم بجٹ میں تعطیلات منانے والوں کا تحفظ کرے گی۔
ہاوسنگ سیکرٹری سیکریٹری انجیلا رینر کا کہنا ہے کہ یہ اقدام میئرز کو یہ اختیار دے گا کہ وہ جہاں سب سے زیادہ ضرورت ہو وہاں اضافی رقم حاصل کرکے دوبارہ سرمایہ کاری کر سکیں۔ کچھ میئرز نے اس اقدام کی حمایت کی ہے، جبکہ بعض نے محتاط رویہ اختیار کیا ہے یا اشارہ دیا ہے کہ وہ یہ ٹیکس نافذ نہیں کریں گے۔
حکومت نے کہا ہے کہ وہ اس ٹیکس کو نافذ کرنے کے لیے مناسب وقت پر پارلیمنٹ میں ایک بل پیش کرے گی، یہ ٹیکس برطانیہ کے شہریوں کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک سے آنے والے سیاحوں پر بھی لاگو ہوگا۔
مانچسٹر اور لیور پول میں پہلے ہی رضاکارانہ طور پر ایسی اسکیمیں چل رہی ہیں، اسکاٹ لینڈ میں مقامی حکومتوں کو وزیٹر ز ٹیکس لگانے کا اختیار حاصل ہے جبکہ ویلز میں اپریل سے ایسا منصوبہ نافذ العمل ہوگا۔