نائن الیون نے بے پناہ انسانی دکھ اور تکالیف کو جنم دیا، قاری عاصم

ممتاز مذہبی اسکالر، امام مکہ مسجد لیڈز اور چیئرمین یوکے مسلم نیٹ ورک، ڈاکٹر قاری محمد عاصم نے 11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کی 25ویں برسی کے موقع پر کہا ہے کہ نائن الیون ایک انتہائی ہولناک دہشت گردانہ سانحہ تھا، جس نے بے پناہ انسانی دکھ اور تکالیف کو جنم دیا اور دنیا کو بدل کر رکھ دیا۔ 

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں نے ان حملوں کی مذمت کی اور متاثرین اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں شریک ہوئے۔

ڈاکٹر قاری محمد عاصم نے کہا کہ 25 سال گزرنے کے باوجود نائن الیون اور اس کے بعد 7 جولائی 2005 کے دہشت گرد حملوں کے اثرات آج بھی برطانوی مسلمانوں کی زندگیوں میں محسوس کیے جاتے ہیں۔ مسلمانوں کو دہشت گردی، انتہاپسندی اور قومی سلامتی کے محدود تناظر میں دیکھے جانے کے باعث شک، امتیازی سلوک اور مسلم مخالف تعصب کا سامنا کرنا پڑا، حالانکہ وہ برطانوی معاشرے میں مثبت اور فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کی ایک پوری نسل ایسے ماحول میں پروان چڑھی جہاں ان کی شناخت اور وفاداری پر بار بار سوال اٹھائے گئے۔ اسی طرح ’دہشت گردی کے خلاف جنگ‘ کے نتیجے میں دنیا کے مختلف خطوں میں تنازعات، نقل مکانی اور عام شہریوں کی تکالیف میں اضافہ ہوا، جن کے اثرات آج بھی موجود ہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ مسلمانوں کو ہر قسم کی دہشت گردی، انتہاپسندی اور نفرت کو مسترد کرتے رہنا چاہیے، جبکہ حکومت، میڈیا اور معاشرے کے تمام طبقات کو بھی مسلم مخالف نفرت اور ایسے بیانیے کا مقابلہ کرنا ہوگا جو پوری مسلم کمیونٹی کو شک کی نگاہ سے دیکھنے کا باعث بنے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مساجد اور مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے نفرت انگیز واقعات انتہائی تشویش ناک ہیں۔