بیماری میں وزن بڑھا تو تنقید کا سامنا کرنا پڑا: دیپیکا ککڑ

دیپیکا ککڑ—فائل فوٹو

 بھارتی ٹی وی اداکارہ دیپیکا ککڑ نے بیماری کے دوران وزن بڑھنے پر ہونے والی تنقید اور تبصروں پر کھل کر بات کی ہے۔

اپنے حالیہ یوٹیوب وی لاگ میں انہوں نے بتایا ہے کہ بیماری کے دوران مجھے اپنے وزن میں اضافے پر لوگوں کے تبصرے پڑھنے پڑتے تھے، تاہم اس وقت میری ذہنی اور جسمانی حالت ایسی نہیں تھی کہ میں وزن کم کرنے پر توجہ دے سکوں۔

دیپیکا نے کہا ہے کہ میں جانتی تھی کہ میرا وزن بڑھ گیا ہے لیکن اس وقت میں وزن کم کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھی، لوگ اسے میری ذہنی کیفیت، زیادہ کھانے یا خود کو آگے بڑھانے میں ناکامی سے تعبیر کر سکتے ہیں، لیکن حقیقت یہ تھی کہ میں ایسا کرنے کے قابل نہیں تھی اور مجھے اس پر کوئی افسوس نہیں تھا۔

اداکارہ نے کہا ہے کہ جب انسان کسی بڑی بیماری سے گزر رہا ہو تو وہ اپنی ظاہری شخصیت کے بارے میں زیادہ حساس ہو جاتا ہے، مشکل وقت میں اپنی ظاہری شخصیت کا خیال رکھنا اور خود کو بہتر محسوس کرنے کی کوشش اعتماد بحال کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

دیپیکا نے بتایا کہ میں نے بھی اپنی دیکھ بھال پر توجہ دینا شروع کی ہے، خاص طور پر بالوں کی نگہداشت پر توجہ دے رہی ہوں، میں کوئی سپر وومن نہیں ہوں، جن دنوں میری طبیعت خراب ہوتی ہے، میں بستر پر لیٹی رہتی ہوں کیونکہ اس وقت جسم میں طاقت نہیں ہوتی، لیکن جس دن ذرا بہتر محسوس کرتی ہوں، میں تھوڑی کوشش کرتی ہوں، بال بناتی ہوں، بہتر نظر آنے کی کوشش کرتی ہوں اور خود کو بہتر رکھنے کی کوشش کرتی ہوں۔

دیپیکا نے مشکل حالات میں مسکرانے اور مثبت رہنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ مداحوں کی جانب سے ملنے والی محبت مجھے آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتی ہے۔