خواتین کو صنفی تعصبات کے خلاف لڑنا ہو گا: فاطمہ ثناء شیخ

فاطمہ ثناء شیخ — فائل فوٹو 

بالی ووڈ اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ کا کہنا ہےکہ خواتین کو پدرشاہی کے خلاف جد و جہد کرنا ہو گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نے فلمی صنعت اور معاشرے میں خواتین کو درپیش روز مرہ کی صنفی تعصبات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کو ان رویوں کے خلاف لڑنا ہو گا۔

اداکارہ نے اپنی آنے والی عدالتی ڈرامہ فلم ’ہنکار – دی رور‘ کے ٹریلر لانچ کے موقع پر اس مسئلے پر بات کی۔

فاطمہ ثناء شیخ نے کہا کہ ہماری شروعات ہی دو قدم پیچھے سے ہوتی ہے، آپ جس بھی کمرے میں ہوں، جس بھی عہدے پر ہوں، طاقت یا درجہ بندی میں آپ کی حیثیت کچھ بھی ہو، اس سے فرق نہیں پڑتا کیونکہ یہ معاشرے کی تربیت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ ہم اس کی اہل نہیں، ہمیں معلوم نہیں کہ ہم کیا چاہتے ہیں یا ہم ذہین نہیں ہیں لیکن معاشرہ اس طرح تشکیل دیا گیا ہے کہ وہ آپ کو موقع ہی نہیں دیتا، معاشرہ آپ سے کہتا ہے کہ ایک منٹ ٹھہریں، پہلے خود کو ثابت کریں۔

اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ پدرشاہی کو فروغ دینے کی ذمے داری صرف مردوں پر عائد نہیں ہوتی بلکہ خواتین بھی بعض اوقات اسی معاشرتی سوچ کو اپنے اندر جذب کر لیتی ہیں، ہم سب کی پرورش ایک ہی معاشرتی ماحول میں ہوئی ہے، ہمیں اس کے خلاف لڑنا ہو گا۔

واضح رہے کہ اداکارہ فاطمہ ثناء شیخ فلم ’ہنکار – دی رور‘ میں بھی اسی نوعیت کے موضوعات کو اسکرین پر پیش کریں گی، جہاں وہ ایک بے باک اور دو ٹوک پولیس افسر کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

فلم کی ہدایت کاری کرن ڈی کپاڈیا اور نتیا مہرا نے دی ہے، یہ فلم 25 ستمبر سے جیو ہاٹ اسٹار پر اسٹریمنگ کے لیے پیش کی جائے گی۔