ایران نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی قرارداد مسترد کر دی

ایرانی سفیر غلام حسین درزی — فائل فوٹو

ایران نے جوہری پروگرام سے متعلق بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی قرارداد مسترد کر دی۔

عرب میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایرانی سفیر غلام حسین درزی نے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر کو خط لکھ دیا۔

ایرانی سفیر کا کہنا ہے کہ ایران کے پُرامن جوہری پروگرام سے متعلق نئے الزامات تکنیکی نہیں سیاسی نوعیت کے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ایران جوہری پروگرام سے متعلق بے بنیاد الزامات اور حقائق مسخ کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتا ہے۔

ایرانی سفیر نے کہا ہے کہ آئی اے ای اے ایران میں یورینیئم کی باقیات کے معائنے کا معاملہ سلامتی کونسل میں بھیج چکا ہے۔

اس سے قبل چین نے ایران کے خلاف امریکی حمایت یافتہ آئی اے ای اے کی قرارداد کی مخالفت کی تھی۔

چین نے خبردار کیا تھا کہ سیاسی محاذ آرائی اور دباؤ سے کشیدگی مزید بڑھے گی۔

بیجنگ نے معاملے کے حل کے لیے مذاکرات کی جانب واپسی پر زور دیا تھا۔