آشا بھوسلے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے میوزک ویڈیو میں اے آئی کا استعمال کیوں کیا؟ اے آر رحمٰن نے بتا دیا

— فائل فوٹو 

بالی ووڈ کے آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار و گلوکار اے آر رحمٰن نے آنجہانی گلوکارہ آشا بھوسلے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے بنائی گئی میوزک ویڈیو میں اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کا دفاع کر دیا۔

اے آر رحمٰن نے واضح کیا ہے کہ آشا بھوسلے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے بنائی گئی میوزک ویڈیو ’آشا فور ایور‘ میں اے آئی ٹیکنالوجی کو صرف بصری مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا۔

میوزک ویڈیو ’آشا فور ایور‘ میں آشا بھوسلے کی حقیقی آواز شامل کی گئی ہے، جب کہ اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے صرف شاہ رخ خان، سلمان خان اور دیگر معروف بالی ووڈ اداکاروں کی ڈیجیٹل شکلیں تیار کی گئی ہیں کیونکہ میوزک ویڈیو کی شوٹنگ کے لیے تمام اداکاروں کو حقیقت میں ایک ساتھ اکٹھا کرنا ممکن نہیں تھا۔

اے آر رحمٰن اس سے قبل اپنے ایک انٹرویو میں اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس موسیقی تخلیق کرنے والے ٹولز کے استعمال کی مخالفت کر چکے ہیں اور  یہی وجہ ہے کہ اب اُنہوں نے خود اپنی میوزک ویڈیو میں اے آئی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا تو مداحوں نے ان کے اس فیصلے پر کئی سوالات اٹھا دیے۔

انہوں نے اپنے حالیہ انٹرویو میں وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے صرف اے آئی ٹیکنالوجی کو گلوکاروں اور موسیقاروں کا متبادل بنانے پر تنقید کی تھی۔

گلوکار نے کہا کہ میں نے اپنی میوزک ویڈیو میں موسیقی اور آواز کے حوالے سے مکمل طور پر حقیقی انسانی ریکارڈنگز استعمال کی ہیں، اے آئی کو صرف بصری مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے کیونکہ آشا بھوسلے کے انتقال کے بعد ان کے ساتھ دوبارہ ذاتی طور پر شوٹنگ کرنا ممکن نہیں تھا۔

میوزک ویڈیو کی پروڈکشن ٹیم کے مطابق اداکاروں کی ڈیجیٹل شکلیں تیار کرنے سے قبل تمام اداکاروں سے باضابطہ اجازت بھی لی گئی ہے۔