ٹرمپ کا مصنوعی ذہانت سے انسانیت کو لاحق سنگین خطرات سے انکار

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ — فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت سے انسانیت کے خاتمے کے خدشات کو مسترد کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ امریکا کو مصنوعی ذہانت کی دوڑ جیتنا ہو گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے اے آئی کی دوڑ میں میری اولین ترجیح چین پر امریکی برتری برقرار رکھنا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ اگر امریکا مصنوعی ذہانت  (اے آئی) کی دوڑ میں سب سے آگے نہ رہا تو ملک کو بہت مشکل صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ڈلاس ایئر پورٹ پر روانگی سے قبل صحافیوں نے ٹرمپ سے پوچھا کہ کیا انہیں خدشہ ہے کہ مصنوعی ذہانت انسانوں کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہے؟

صحافیوں کے سوال پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ مجھے ایسا کوئی خدشہ نہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ مجھے اس بات کا خدشہ ہے کہ اگر ہم اے آئی کے میدان میں کامیاب نہ ہوئے تو ہم انتہائی خراب پوزیشن میں آ جائیں گے، اس وقت ہم چین سے خاصے آگے ہیں، میں کہوں گا کہ تقریباً 1 سال آگے ہیں اور آپ جانتے ہیں کہ اے آئی کے میدان میں 1 سال کا فرق بہت زیادہ سمجھا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق اے آئی ماہرین خبر دار کر چکے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کے بے قابو استعمال سے انسانیت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔