فلم ساز اور کوریو گرافر فرح خان نے بالی ووڈ اداکار اکشے کھنہ کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو انتہائی مشکل قرار دے دیا۔
اکشے کھنہ اپنی شاندار اداکاری کے باعث ان دنوں ایک بار پھر توجہ کا مرکز ہیں، تاہم فلم ’دریشیم 3‘ سے ان کی علیحدگی کی خبروں کے درمیان ان کے رویے سے متعلق تبصرے بھی زیرِ بحث آ گئے۔
فرح خان نے ایک پوڈکاسٹ میں بتایا ہے کہ ایک وقت میں اکشے کھنہ کے ساتھ کام کرنا میرے لیے انتہائی مشکل تھا، وہ اتنے چڑچڑے مزاج کے تھے کہ کھڑے ہونا بھی پسند نہیں کرتے تھے۔
فرح خان نے کہا ہے کہ میں نے اکشے کھنہ کے ساتھ ’ڈولی سجا کے رکھنا‘، ’لاوارث‘ اور دیگر فلموں میں کام کیا۔
اکشے کھنہ نے خود بھی اپنے انٹرویوز میں اعتراف کیا ہے کہ میں اس دور میں کام کرنے کے لیے بہت مشکل تھا۔
فرح خان نے اعتراف کیا ہے کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب میں نے فیصلہ کیا کہ اگر گانا اکشے کھنہ پر فلمایا جائے گا تو میں اس کی کوریوگرافی نہیں کروں گی۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں مجھے ’دل چاہتا ہے‘ میں اکشے کھنہ کے ساتھ دوبارہ کام کرنا پڑا کیونکہ فلم کی ہدایت کاری فرحان اختر نے کی تھی، اس فلم کے بعد اکشے کھنہ کے رویے میں واضح تبدیلی آئی۔
ان کا کہنا ہے کہ کہ ’دل چاہتا ہے‘ کے بعد اکشے کھنہ میں تبدیلی آئی اور ’تیس مار خان‘ میں وہ بہت اچھے رہے، اکشے کھنہ دراصل بہت اچھے ڈانسر ہیں، تاہم میں ایسے فنکاروں کے ساتھ کام نہیں کرنا چاہتی جو مجھے پریشان کریں۔