پولیس مقابلوں میں 4 زخمیوں سمیت 7 ڈاکو گرفتار

—فائل فوٹو

کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلوں کے دوران 4 زخمیوں سمیت 7 مبینہ ڈاکو گرفتار کر لیے گئے، جن کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، موٹر سائیکل اور نقدی برآمد کر لی گئی۔

پولیس کے مطابق ایم نائن موٹر وے گڈاپ روڈ پر پولیس مقابلے کے دوران زخمی ملزم سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے پاس سے اسلحہ، موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔

شریف آباد ریلوے پھاٹک پر پولیس مقابلے میں ایک ملزم عبد الرافع کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا، زخمی ملزم سے اسلحہ برآمد کر کے فرار ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

ملیر کے علاقے بھینس کالونی نمبر 8 میں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو روکنے کی کوشش کی گئی تو انہوں نے فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی۔

 گرفتار ملزمان کی شناخت حبیب الرحمٰن، عدنان اور دانیال کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان سے 2 پستول، موٹر سائیکل اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔

نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں بھی پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم نیاز کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جس کے قبضے سے پستول اور موبائل فون برآمد ہوا۔