کراچی میں وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے مختلف تھانوں کے اچانک دورے کیے، انہوں نے اس دوران 3 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا۔
انہوں نے ان میں سے 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو پورے تھانے کے عملے سمیت معطل کیا ہے۔
ضیاء الحسن لنجار اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر کے مختلف تھانوں کا اچانک دورہ کیا۔
صوبائی وزیرِ داخلہ نے ڈیوٹی سے غفلت پر متعدد پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی۔
معطل ہونے والے ایس ایچ اوز میں عزیز بھٹی، شارعِ فیصل اور ڈیفنس تھانے کے ایس ایچ اوز شامل ہیں۔
ضیاء الحسن لنجار نے سب سے پہلے فیروز آباد تھانے کا سرپرائز وزٹ کیا، جہاں بغیر وردی ڈیوٹی دینے پر سب انسپکٹر وسیم اور کانسٹیبل عبدالوہاب کو معطل کر دیا۔
وزیرِ داخلہ سندھ نے تھانے میں موجود شہریوں سے ان کی مشکلات دریافت کیں اور متعلقہ افسران کو مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے مختلف مقدمات میں زیرِ حراست افراد سے پولیس کے رویے اور دیگر امور سے متعلق بھی معلومات حاصل کیں۔
سندھ کے وزیرِ داخلہ نے عزیز بھٹی تھانے کا دورہ کیا، جہاں ایس ایچ او کی عدم موجودگی پر ایس ایچ او سمیت پورے تھانے کے عملے کو معطل کر دیا۔
شارعِ فیصل تھانے کے دورے کے دوران بھی ایس ایچ او سمیت عملے کے 6 اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کیے، شہریوں سے عدم تعاون کی شکایت پر یہ کارروائی کی گئی۔
وزیرِ داخلہ نے ڈیفنس تھانے کا بھی اچانک معائنہ کیا، جہاں ایس ایچ او اشرف جوگی کی عدم موجودگی پر انہیں بھی معطل کر دیا گیا۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کو وردی میں ڈیوٹی دینا ہو گی، تھانے سے غیر حاضری اور بغیر وردی ڈیوٹی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ پولیس کا کام عوام کی خدمت اور تحفظ ہے، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں ہو گی۔
وزیرِ داخلہ سندھ نے یہ بھی کہا کہ میں دوبارہ بھی تھانوں کا دورہ کروں گا اور کوئی چھوٹا منشی، بڑا منشی نہیں چلے گا۔