ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس کی 3 ملازم خواتین کو لاکھوں کا تحفہ

— فائل فوٹو 

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی 3 ملازم خواتین کو 45 ہزار ڈالرز بطور تحفہ دیے ہیں۔

واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اس مالیت کی رقم اپنی ایگزیکٹو اسسٹنٹ نٹالی ہارپ اور وائٹ ہاؤس کی 2 دیگر ملازم خواتین مارگو مارٹن اور چیمبرلین ہیرس کو دی ہے۔

رپورٹ میں وائٹ ہاؤس کے مالی گوشواروں میں درج معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ تینوں خواتین نے ان رقوم کو ’کرسمس کا تحفہ‘ قرار دیا ہے۔ 

نٹالی ہارپ ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا پوسٹس تحریر کرنے اور معلومات پرنٹ کرنے کی ذمے داری بھی انجام دیتی ہیں، جس کی وجہ سے ان کے ساتھی انہیں’انسانی پرنٹر‘ بھی کہتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نٹالی ہارپ کو صدر کی خصوصی معاون اور ایگزیکٹیو اسسٹنٹ کی حیثیت سے کام کرنے پر سالانہ 1 لاکھ 50 ہزار ڈالرز تنخواہ ملتی ہے۔