فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما نے عمرے کی ادائیگی کی تصویر شیئر کر دی

—تصویر بشکریہ سوشل میڈہا

فرانسیسی فٹبال اسٹار اور ریال میڈرڈ کے سابق کھلاڑی کریم بینزیما نے مسجد الحرام، مکہ مکرمہ سے عمرے کی ادائیگی کی تصویر شیئر کر دی۔

تصویر میں کریم بینزیما احرام کی حالت میں نظر آ رہے ہیں، جس کے ساتھ انہوں نے لکھا ہے کہ ’ہر چیز کے لیے الحمدللّٰہ‘۔

38 سالہ کریم بینزیما اس وقت کسی کلب کا حصہ نہیں، الہلال اور بینزیما نے باہمی رضامندی سے معاہدہ ختم کر دیا تھا، جس کے بعد سعودی کلب کے ساتھ ان کا صرف 6 ماہ کا مختصر قیام اختتام پذیر ہو گیا۔

الہلال کے ساتھ مختصر عرصے کے باوجود بینزیما کی کارکردگی مؤثر رہی، انہوں نے تمام مقابلوں میں 16 میچز کھیل کر 10 گول کیے اور 5 معاونت فراہم کیں، جبکہ کلب کے ساتھ کنگز کپ بھی جیتا۔

کریم بینزیما کی اپنے سابق کلب لیون میں واپسی کی بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں، جہاں سے انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

لیون کے اسپورٹنگ ڈائریکٹر میتھیو لوئس ژاں نے تصدیق کی ہے کہ رواں موسمِ گرما میں ایک ثالث کے ذریعے رابطہ ہوا تھا، تاہم بینزیما کے معاہدے کے باعث معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے دوسرے ڈویژن کے کلب ارے بیئن فالکنز نے بھی بینزیما سمیت متعدد معروف آزاد کھلاڑیوں کو تربیت اور کلب کے لیے کھیلنے کی دعوت دی ہے۔

اس دعوت میں بینزیما کے ساتھ پال پوگبا، رحیم اسٹرلنگ اور جیدون سانچو جیسے کھلاڑیوں کے نام بھی شامل ہیں۔