دلی کے جنتر منتر سے وائرل ہونے والے محمد عرفان کی قسمت بدل گئی

دلی کے جنتر منتر سے وائرل ہونے والے محمد عرفان کی قسمت بدل گئی، عام مزدور سے سوشل میڈیا پر شہرت پانے والے عرفان کو نیوز آؤٹ لیٹ نے اپنے ساتھ کام کا موقع دے دیا۔

جنتر منتر پر احتجاج کے دوران محمد عرفان کی گفتگو کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئیں، انہوں نے مزدوروں کے مسائل، جمہوریت، آئین اور عام آدمی کے حقوق پر بے باک انداز میں گفتگو کی۔

35 سالہ محمد عرفان دلی کی ایک کچی بستی جے جے کالونی میں رہتے ہیں اور روزگار کے لیے ٹھیلا لگاتے رہے ہیں۔ انہوں نے باقاعدہ تعلیم حاصل نہیں کی، تاہم گوگل وائس سرچ اور یوٹیوب کے ذریعے مختلف موضوعات کے بارے میں معلومات حاصل کرتے رہے۔

جنتر منتر سے ان کا انٹرویو وائرل ہونے کے بعد لاکھوں افراد نے ان کی گفتگو دیکھی، یہاں تک کہ کانگریس رہنما راہول گاندھی بھی ان سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچے۔

سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے والے محمد عرفان کو اب ایک نیوز ادارے نے اپنے ساتھ کام کرنے کا موقع دے دیا ہے، یوں جنتر منتر سے شروع ہونے والی ان کی کہانی نے ایک نیا رخ اختیار کرلیا۔