3 پاکستانی بہنیں اسکواش کیلئے منتخب

— تصویر بشکریہ جیو نیوز

اسکواش میں 3 پاکستانی بہنوں نے منفرد اعزاز حاصل کر لیا، مہوش علی، سحرش علی اور ماہ نور علی ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے منتخب ہو گئیں۔

تینوں بہنیں ایک ساتھ ایشین گیمز میں ملک کی نمائندگی کرنے کے اعزاز پر انتہائی پُرجوش ہیں۔

اسکواش سسٹرز کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے لیے فخر اور اعزاز کا لمحہ ہے کہ پہلی مرتبہ ایشین گیمز میں تینوں بہنیں ایک ساتھ پاکستان کی نمائندگی کریں گی۔ 

ان کا کہنا ہے کہ ہم ناصرف ایک دوسرے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی ہیں بلکہ پریکٹس بھی ایک ساتھ کرتی ہیں جس کا فائدہ ہوتا ہے۔

مہوش علی کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے فخر کا لمحہ اور بڑے اعزاز کی بات ہے، مقابلہ سخت ہو گا تاہم بھرپور محنت کے ساتھ اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کروں گی۔

سحرش علی نے کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ تینوں بہنیں ایک ساتھ ایشین گیمز میں شرکت کر رہی ہیں، ہم ایک دوسرے کو سپورٹ کرتی ہیں اور ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھاتی ہیں، یہ ایک بڑا اور سینئر ایونٹ ہے جہاں ٹاپ کھلاڑیوں سے مقابلہ ہو گا اسی لیے ایونٹ کی نوعیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنی ٹریننگ کی ہے۔

ماہ نور علی کا کہنا ہے کہ ایشین گیمز میں شرکت سے ہمیں بڑے ایونٹ کا تجربہ حاصل ہو گا جو مستقبل میں ہمارے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔

تینوں بہنوں کا عزم ہے کہ ایشین گیمز میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام روشن کرنے کی پوری کوشش کریں۔